spot_img

فیکٹ چیک: کیا یوم پاکستان پر سول اعزازات حاصل کرنے والوں میں کوئی پروفیسر یا ڈاکٹر شامل نہیں تھا؟

23 مارچ یوم پاکستان کے موقع ملک کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔

ہر سال 14 اگست یوم آزادی کے موقع پر مختلف شعبوں میں گرانقدر خدمات انجام دینے والوں کے ناموں کا اعلان کیا جاتا ہے جو اعزاز کے حقدار ہوتے ہیں جبکہ 23 مارچ کو یہ اعزازات انہیں تھمائے جاتے ہیں۔

ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں صدر مملکت جبکہ چاروں گورنر ہاؤسز میں ہونے والی تقریبات میں گورنرز مختلف شخصیات کو یہ اعزازات عطا کرتے ہیں۔

رواں برس بھی 23 مارچ کے موقع پر مختلف شعبوں میں گرانقدر خدمات انجام دینے والوں کو اعزازات سے نوازا گیا مگر سوشل میڈیا پر ایک دعویٰ گردش کر رہا ہے کہ  یوم پاکستان پر اعزازات حاصل کرنے والوں میں کوئی ڈاکٹر، پروفیسر یا انجینئر شامل نہیں۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی کہ جن شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا ہے وہ کن شعبوں سے تعلق رکھتی ہیں اور سوشل میڈیا پر چلنے والے دعوے میں کتنی صداقت ہے۔

تحقیق کے دوران معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے سائنس کے شعبے میں گرانقدر خدمات پر پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود بیگ، پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان، پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر، پروفیسر ڈاکٹر عادل نجم کو ہلال امتیاز عطا کیا، انہوں نے اپنے اعزازات صدر مملکت آصف زرداری سے وصول کیے۔

ادب کے شعبے میں گرانقدر خدمات پر صدر مملکت آصف زرداری نے معروف شاعر پروفیسر انور مسعود کو بھی ہلال امتیاز عطا کیا۔

اس کے علاوہ گورنر پنجاب نے جن شخصیات کو اعزازات دیے ان میں بھی ڈاکٹر عابد محمود، پروفیسر ڈاکٹر سہیل ندیم، پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا سمیت کئی دیگر شخصایت بھی شامل ہیں۔ جبکہ دیگر تینوں صوبائی گورنرز نے بھی جن شخصیات کو اعزازات سے نوازا ان میں پروفیسرز اور ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔

نتائج: یہ دعویٰ غلط ہے کہ یوم پاکستان پر حکومت کی جانب سے کسی پروفیسر، ڈاکٹر یا سائنس کے شعبے خدمات انجام دینے والی شخصیت کو ایوارڈ سے نہیں نوازا گیا۔

Author

تازہ ترین