spot_img

فیکٹ چیک: کیا چیف جسٹس فائز عیسیٰ کی مدت میں 3 سال کی توسیع زیرِغور ہے؟

چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 65 سال عمر پوری ہونے پر رواں برس 25 اکتوبر کو ریٹائر ہو جائیں گے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 17 ستمبر 2023 کو اُس وقت عہدے کا حلف اٹھایا تھا جب سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال 65 سال عمر پوری ہونے پر ریٹائر ہوگئے تھے۔

آئین پاکستان کے تحت سپریم کورٹ کے جج کے لیے عمر کی حد 65 سال مقرر ہے۔

اس وقت سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع ابلاغ پر یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ حکومت چیف جسٹس کے عہدے کی مدت کا ازسر نو تعین کرنے جا رہی ہے یا موجودہ چیف جسٹس فائز عیسیٰ کو توسیع دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کے معروف صحافی ہارون الرشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ن لیگ کے حلقوں میں چیف جسٹس فائز عیسیٰ کی مدت میں 3 سال کی توسیع زیرِغور ہے، ساتھ ہی انہوں نے سبحان اللہ بھی لکھا۔

اسی طرح کا دعویٰ کئی دیگر ایکس صارفین کی جانب سے بھی کیا جا رہا ہے۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے حقیقت جاننے کی کوشش کی تو جواب نفی میں ملا کہ کہیں پر ایسی تجویز زیرغور نہیں ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے خبر کی تردید کردی

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خبر کی تردید کردی۔

عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کی مدت کا تعین کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس کے عہدے کی مدت کا تعین کرنے کی کوئی تجویز زیرِغور نہیں، نہ ہی حکومتی سطح پر ایسی کوئی بات ہوئی ہے۔

عطااللہ تارڑ نے کہاکہ سوشل میڈیا کے علاوہ کچھ ٹی وی چینلز پر بھی یہ بے بنیاد مہم چلائی جا رہی ہے۔ مگر یہ خبر غلط ہے۔

نتائج: یہ خبر کہ چیف جسٹس کے عہدے کی مدت کا ازسر نو تعین کیا جا رہا ہے یا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع کی جا رہی ہے، غلط ہے۔

Author

تازہ ترین