پاکستان کے چیف الیکشن کمشنر اس وقت سکندر سلطان راجا ہیں جنہیں عمران خان کے دور حکومت میں تعینات کیا گیا تھا، اور انہی کی زیر نگرانی حالیہ عام انتخابات ہوئے ہیں۔
ہمارے ہاں انتخابات کے بعد دھاندلی کے الزامات کوئی نئی بات نہیں، تاہم حالیہ انتخابات پہلے روز سے ہی متنازعہ ہیں اور پی ٹی آئی یہ الزام لگا رہی ہے کہ وہ 180 سے زیادہ نشستوں پر کامیاب ہو چکی تھی مگر الیکشن کمیشن نے ملی بھگت سے اس کی سیٹیں کم کی ہیں۔ اسی طرح کے الزامات دیگر جماعتوں کی جانب سے بھی لگائے جا رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور ان کے خلاف ایک منظم مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ حکومت ان کو کینیڈا میں سفیر تعینات کرنے جا رہی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما عمر ایوب نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ حکومت سکندر سلطان راجا کو کینیڈا میں سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کر چکی ہے، جبکہ اس کے عوض ان کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ تحریک انصاف کی مزید 20 نشستیں کم کی جائیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے ایکس ہینڈل پر یہ ویڈیو شیئر کی گئی ہے جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
ہمارے پاس اطلاعات ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر کو تحریک انصاف کی مزید 20 نشستوں پر جھرلو پھیرنے کے عوض یہ جعلی حکومت کینیڈا سفیر بنا کر بھیج رہی ہے۔@OmarAyubKhan #رہا_کرو_عمران_خان_کو pic.twitter.com/yUwucocoTI
— PTI (@PTIofficial) March 13, 2024
دوسری جانب سابق اسپیکر قومی اسمبلی و سینیئر رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسی دعوے کو دہرایا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سے کمٹنٹ کی گئی ہے، اسد قیصر کا بڑا دعوی#ARYNews pic.twitter.com/VnIHoOMl2Y
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) March 14, 2024
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کیے گئے اس دعوے کے بعد ہم نے وزارت خارجہ میں اپنے ذرائع سے رابطہ کیا تو بتایا گیا کہ سکندر سلطان راجا کو بیرون ملک سفیر تعینات کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ اس حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہیں من گھڑت ہیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی ایک پریس ریلیز میں بھی وضاحت کی ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو بیرون ملک سفیر بنائے جانے کی خبر بے بنیاد ہے۔
خود ساختہ فیلڈ مارشل کے پوتے کے نام
چیف الیکشن کمشنر کا پیغام pic.twitter.com/HJLdY1rieG— Murtaza Solangi (@murtazasolangi) March 14, 2024
ترجمان الیکشن کمیشن نے وضاحتی بیان میں کہاکہ سکندر سلطان راجا اپنی مدت ملازمت مکمل کر کے اپنے ملک میں ہی رہیں گے، اور بیرون ملک کسی ذمہ داری کے طلبگار نہیں ہیں۔
نتائج:۔ وزارت خارجہ کے ذرائع سے تصدیق اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سے جاری کی گئی وضاحت کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے حوالے سے کیا جانے والا دعویٰ درست نہیں۔ اور یہ خبر جھوٹ پر مبنی ہے۔