گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنا سرکاری ہیلی کاپٹر انتہائی نگہداشت کے مریضوں کی منتقلی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا۔
اس بیان کے تناظر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر نیا پاکستان اکاؤنٹ سے 16 مارچ کو ہیلی کاپٹر میں سفر کے کیپشن کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی گئی۔
اس ویڈیو میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، مریم اورنگزیب اور میاں نواز شریف کے ہیلی کاپٹر میں سفر کے دوران کے مناظر کو دیکھا جا سکتا ہے۔
ہیلی کاپٹر میں سفر pic.twitter.com/jmyz02YsB4
— Naya Pakistan (@Naya__Pakistan_) March 16, 2024
ویڈیو کے کیپشن سے بظاہریہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز جاتی امرا سے دفتر بذریعہ ہیلی کاپٹر سفر کر رہی ہیں۔
اس پوسٹ کو اب تک (جب یہ خبر لگائی جا رہی ہے) ایکس پر 2 ہزار سے زیادہ لوگ شیئر کر چکے ہیں۔ 62 ہزار سے زیادہ صارفین نےاب تک دیکھا ہے۔ جبکہ ٹک ٹاک، فیس بک سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر بھی یہ ہی ویڈیو مریم نواز کے ہیلی کاپٹر والے بیان سے منسلک کر کے پوسٹ کی گئی ہے۔
جب فیکٹ چیک کے حوالے سے اس ویڈیو کی تحقیق کی گئی تو یہ حقائق سامنے آئے کہ مذکورہ ویڈیو عام انتخابات کی مہم کے دوران بنائی گئی ہے۔ اور یہ اس وقت کی ہے جب حافظ آباد میں مسلم لیگ ن کی جانب سےکیے گئے ایک جلسہ میں میں اعلیٰ قیادت بذریعہ ہیلی کاپٹر شریک ہوئی تھی جس کی لائیو کوریج تمام نیوز چینلز نے بھی کی تھی اور اس ویڈیو کا ریکارڈ یوٹیوب پر موجود ہے۔
یہ جلسہ مسلم لیگ ن کی جانب سے 18 جنوری 2024 کو حافظ آباد میں منعقد کیا گیا تھا۔
دوسری جانب اسی پوسٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے وضاحت کی کہ یہ ایک پرائیویٹ جہاز کی ویڈیو ہے جو الیکشن سے پہلے انتخابی مہم کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔
نتائج: یہ تاثر کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکاری ہیلی کاپٹر ذاتی طورپر استعمال کیا۔ یہ درست نہیں ہے۔
واضح رہے اس ویڈیو کو شیئر کرنے والے اکاؤنٹ نیاپاکستان کے خلاف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عظمیٰ بخاری کی ٹوئٹ پر ایک ٹوئٹ میں سائبر کرائم سے قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔