ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد حکومتوں کی تشکیل کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے بعد آج صدر مملکت آصف زرداری نے بھی حلف اٹھا لیا ہے۔
آصف زرداری کے صدر مملکت منتخب ہونے پر عارف علوی نے صدارتی ہاؤس خالی کر دیا ہے۔
اب سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سابق صدر عارف علوی صدارت ختم ہونے کے بعد ملک چھوڑ کر فرار ہو گئے ہیں۔
دعویٰ: 9 مارچ 2024 کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بلیو ٹک اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کی گئی کہ صدر عارف علوی صدارت ختم ہونے سے چند گھنٹے پہلے ہی ملک چھوڑ کر فرار ہو گئے ہیں۔
اپنے اس دعوے کو تقویت دینے کے لیے عمیر سہیل نامی صارف نے ایک ویڈیو بھی لگائی جس میں بظاہر دیکھا جا سکتا ہے کہ عارف علوی ایئر پورٹ سے بیرون ملک کہیں جا رہے ہیں۔
صدر عارف علوی صدارت ختم ہونے سے چند گھنٹے پہلے ہی ملک چھوڑ کر فرار ہو گئے pic.twitter.com/EDfF2H6OCG
— Umair Sohail 🇦🇪 (@Umairsohail370) March 9, 2024
اس پوسٹ کو اب تک (جس وقت یہ خبر لگائی جا رہی ہے) 455 مرتبہ شیئر کیا جا چکا ہے جبکہ 71 ہزار 900 لوگوں نے اسے دیکھا ہے۔
جب فیکٹ چیک کے ذریعے اس ویڈیو کی تحقیق کی گئی تو یہ حقیقت سامنے آئی کہ مذکورہ ویڈیو عارف علوی کے دورہ ترکیہ کی ہے۔ یہ دورہ ترکیہ عارف علوی نے تب کیا جب وہ صدر کے عہدے پر براجمان تھے۔ یہ دورہ 28 اکتوبر 2018 کو کیا گیا تھا۔
صدر مملکت کے آفیشل ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر بھی اس دورے سے متعلق ایک تصویر اور خبر 28 اکتوبر 2018 کو لگائی گئی ہے۔ جس میں عارف علوی کو اسی ڈریس کے ساتھ ایئرپورٹ کاؤنٹر پر کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔
President of Pakistan Dr Arif Alvi leaving for Turkey for his official tour aboard a Turkish Airline commercial jet
President arrived at Islamabad Airport held a brief press conf & then followed all lines of security clearance & immigration before proceeding to departure gates pic.twitter.com/qnPx4yyJ5k
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) October 28, 2018
جبکہ 28 اکتوبر 2018 کو ’سیاست ڈاٹ پی کے‘ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی یہی ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جسے سوشل میڈیا پر سابق صدر عارف علوی کے ملک چھوڑنے سے متعلق منسوب کیا گیا ہے۔ اس لیے یہ دعویٰ کہ صدر عارف علوی ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں غلط ہے۔
View this post on Instagram
دوسری جانب یہ بھی یاد رہے کہ سابق صدر مملکت عارف علوی نے ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کے بعد آج کراچی میں اہم پریس کانفرنس بھی کی۔