spot_img

فیکٹ چیک: کیا بگٹی قبیلے کے نوجوان کچے کے ڈاکوؤں سے لڑنے گئے ہیں؟

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے حوالے سے ان دنوں ایک خبر سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے۔ اس خبر کے مطابق ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھنے والے نوجوان کچے کے ڈاکوؤں سے لڑنے کے لیے گھوٹکی کے راستے کچے کے علاقے پہنچ چکے ہیں اور اس لڑائی کے دوران کچے کے 2 ڈاکو ہلاک ہوچکے ہیں۔

یہ خبر سوشل میڈیا پر شیئر ہوتے ہی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں کہ آیا بگٹی قبیلے کے نوجوان علاقے میں لڑنے گئے ہیں یا نہیں۔

فیکٹ پلس نے اس معاملے پر فیکٹ چیک کرتے ہوئے ڈیرہ بگٹی کے رہائشیوں سے گفتگو کی اور حقیقت جاننے کی کوشش کی۔

ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھنے والے فائق بگٹی نے بتایا کہ گزشتہ روز سے بگٹی قبیلے کی شاخ کلپر کے نوجوان جوق در جوق کچے کے علاقے کی جانب روانہ ہوئے ہیں اور کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف پولیس آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

فائق بگٹی نے مزید بتایا کہ بگٹی قبیلے کے سردار چیف آف کلپر وڈیرہ جلال خان کلپر کے بیٹے عبدالرحمان کو کچھ عرصہ قبل پنجاب سے آتے ہوئے کچے کے ڈاکوؤں نے قتل کردیا تھا جس کے خلاف کلپر قبیلے کے نوجوانوں نے کچے کے ڈاکوؤں سے بدلہ لینے کا عزم کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز سے بگٹی قبیلے کے سینکڑوں نوجوان پولیس کے ہمراہ کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ آج بھی بگٹی قبیلے کے نوجوان پولیس کے ہمراہ کچے کے علاقے میں آپریشن کا حصہ ہیں اور اپنے سردار کے خون کا بدلنے لینے کے لیے پرعزم ہیں۔

دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اب تک آپریشن کے نتیجے میں 2 ڈاکوؤں کو مارا گیا ہے جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ تاہم بگٹی قبیلے کے نوجوانوں کا موقف ہے کہ کچے کے ڈاکوؤں کے خاتمے تک پولیس کے ہمراہ آپریشن کا حصہ رہیں گے۔

Author

تازہ ترین