سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک اور ایکس پر ایک نوٹیفکیشن وائرل ہے جسے اس کیپشن کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے کہ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات سے ڈانس کرانے کا حکمنامہ جاری کیا گیا ہے۔
کیپشن میں مزید لکھا گیا ہے کہ یہ لوگ ہمارے دین اسلام کے خلاف نظام چلانا چاہتے ہیں۔
*🚨اسلام آباد کے اسکولوں میں ڈانس کروانے کا حکم نامہ جاری۔*
*نوٹیفکیشن میں سرکاری اسکولوں کو پابند کیا گیا کہ بچیوں اور بچوں سے ڈانس کروائیں اور ویڈیوز شیئر کریں۔😡😡😡😡*
*یہ اسلامی ملک میں کیا کیا جا رہا ہے.. ان کے باپ کا ملک ہے جو دل میں آئے گا بکواس جاری کر دیں گے..😡😡*… pic.twitter.com/kJz0wTTZRv— jookeerrr🇵🇰 (@jokkeerrr2) April 6, 2024
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے نوٹیفکیشن کو اسی کیپشن کے ساتھ شیئر کیا جارہا ہے، جبکہ کچھ صارفین کیپشن میں کمی بیشی بھی کررہے ہیں۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور جاننے کی کوشش کی کہ حقیقت کیا ہے۔
ڈان نیوز سے وابستہ سینیئر صحافی کاشف عباسی جو تعلیم کی بیٹ کور کرتے ہیں، انہوں نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ وزارت تعلیم کے نوٹیفکیشن پر واویلا چائے کی پیالی میں طوفان برپا کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہاکہ نوٹیفکیشن میں کہیں پر ایسا نہیں لکھا کہ ہر طالبعلم نے ڈانس کرنی ہی کرنی ہے۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہاکہ اگر کسی تنظیم کی جانب سے محکمہ پولیس کو کسی مقابلے میں شریک ہونے کی دعوت دی جائے تو پورا محکمہ وہاں پر نہیں جائے گا بلکہ کچھ لوگ ہی وہاں پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
وفاقی وزارت تعلیم کی وضاحت
دوسری جانب وفاقی وزارت تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت نے کہاہے کہ وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور قومی کمیشن برائے یونیسکو نے ڈانس فار ایجوکیشن پروگرام کی ہدایت کی اور نہ ہی اس کا اہتمام کیا ہے، ڈانس فار ایجوکیشن پروگرام یونیسکو کے بین الاقوامی اقدامات کا حصہ ہے۔
وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کا ادارہ یونیسکو تعلیم، سائنس، ثقافت اورمواصلات میں بین الاقوامی تعاون کے ذریعے امن اور سلامتی کو فروغ دینے میں اہم کردار کر رہا ہے۔
ڈانس فار ایجوکیشن پروگرام یونیسکو کے اقدامات میں سے ایک وسیع مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں تعلیم کی اہمیت پر زور دینا ہے۔
ترجمان نے کہاکہ اس پروگرام کے ذریعے یونیسکو ثقافتی تبادلوں اور تعلیمی مواقع کو بڑھانے کے لیے دنیا بھر میں ممالک کے ساتھ تعاون کرتا ہے، جو معاشروں کی تشکیل میں تعلیم کی اہمیت وقدر کو اجاگر کرتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسکولوں کے لیے بھی اس میں حصہ لینا لازمی قرار نہیں دیا گیا تھا تاہم اس سے قبل جاری کردہ خط کو واپس لیا جا رہا ہے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کسی بھی غلط فہمی پر دلی طور پر افسوس ہے۔
نتائج: اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم طلبا و طالبات کے لیے ڈانس ضروری قرار دینے اور اس کا حکم جاری کرنے کی خبر درست نہیں۔ نوٹیفکیشن کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔