پاکستان کے ممتاز عالم دین مولانا طارق جمیل کے حوالے سے سوشل میڈیا پر خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وہ ایک ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو گئے ہیں جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خون میں لت پت ایک تصویر دھڑا دھڑا اس کیپشن کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہے کہ مولانا طارق جمیل ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کرتے ہوئے سب سے پہلے مختلف ویب سائٹس پر اس خبر کو تلاش کیا تو یہ نہیں ملی، اس کے بعد سیٹلائٹ چینلز کی بریکنگ نیوز میں بھی یہ خبر موجود نہیں تھی۔
فیکٹ پلس نے اس کے علاوہ مولانا طارق جمیل کے قریبی لوگوں سے بھی جاننے کی کوشش کی مگر ممتاز عالم دین کو حادثہ پیش آنے کی خبر کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
اس کے بعد ہم مولانا طارق جمیل کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر گئے تو وہاں فیس بک کے آفیشل پیج پر ایک وضاحتی پوسٹ کی گئی تھی کہ مولانا طارق جمیل کو حادثہ پیش آنے کے حوالے سے وائرل ہونے والی خبر بے بنیاد ہے۔
نتائج: یہ خبر بے بنیاد ہے، سوشل میڈیا صارفین نے مولانا طارق جمیل کے ہم شکل آدمی (جس کو ٹریفک حادثہ پیش آیا) کی تصویر دیکھ کر تحقیق کیے بغیر اسے وائرل کردیا۔