سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک اور ایکس پر ایک تصویر گردش کررہی ہے جس میں ایک معصوم بچی کو برفانی چیتے کے ساتھ بیٹھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین دعویٰ کررہے ہیں کہ اس بچی کا تعلق پاکستان کے شمالی علاقے گلگت، شمشال کی تحصیل مدن سے ہے اور یہ برفانی چیتا اس نے بلی کا بچہ سمجھ کرپالا تھا، مگر بڑا ہونے پر معلوم ہوا کہ یہ برفانی چیتا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل اس بچی کا نام گلمینہ ہے یہ گلگت بلتستان کے علاقے شمشال کی تحصیل مدن میں رہتی ہے۔ یہ برفانی چیتا اس بچی نے بلی کا بچہ سمجھ کر پالا تھا اب یہ چیتا بڑا ہو گیا ہے اور پہاڑوں پر رہتا ہے لیکن اس بچی سے دوستی ہے. pic.twitter.com/Mexm9JeWMd
— Shahbaz Khan (@Shahbaz19271647) April 4, 2024
اس دعوے میں مزید بتایا گیا ہے کہ اب برفانی چیتے کو بڑا ہونے پر جنگل میں چھوڑ دیا گیا ہے جو پہاڑوں پر رہتا ہے مگر اس بچی کو ملنے کے لیے کبھی کبھار آتا ہے اور کوئی نقصان بھی نہیں پہنچاتا۔
سوشل میڈیا صارفین اس دعوے کو بغیر تحقیق کے شیئر کررہے ہیں اور اس پر مزے مزے کے تبصرے بھی کررہے ہیں۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور جاننے کی کوشش کی کہ حقیقت کیا ہے۔
ہم نے سب سے پہلے گلگت بلتستان میں موجود اپنے ذرائع سے بات کی اور اس حوالے سے تفصیل معلوم کی تو بتایا گیا کہ یہ پوسٹ سراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔
اس کے علاوہ اردو نیوز سے تعلق رکھنے والے صحافی ادیب یوسفزئی نے اپنی فیس بک وال پر لکھا کہ یہ تصویر آرٹیفشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے ذریعے بنائی گئی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
نتائج: برفانی چیتے کے ساتھ نظر آنے والی بچی کا گلگت بلتستان سے ہونے کا دعویٰ غلط ہے، یہ تصویر محض اے آئی کے ذریعے بنائی گئی ہے۔